Submitted by MSQURESHI on Tue, 10/04/2022 - 16:59
محترمہ ووین تھامس ، انگلش لینگویج فیلو کی وائس چانسلر ، مانو سے ملاقات PressRelease

محترمہ ووین تھامس ، انگلش لینگویج فیلو کی وائس چانسلر ، مانو سے ملاقات

حیدرآباد، 4 اکتوبر (پریس نوٹ) محترمہ ویوین تھامس ، انگلش لینگویج فیلو جنہیں امریکی قونصل خانہ کے توسط سے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعینات کیا گیا ہے نے کل پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر سے ملاقات کی۔ محترمہ تھامس تقریباً دس مہینوں تک اردو یونیورسٹی میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی انگریزی زبان میں مہارتوں کی کلاس لیں گی۔
پروفیسر عین الحسن نے ان کا خیرمقدم کیا اور امریکی قونصل خانہ، حیدرآباد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رہنمائی میں یقینی طور پر مانو کے طلبہ انگریزی میں مہارت حاصل کریں گے جو ان کے لیے ملازمتوں کے حصول میں معاون ہوگی۔ انہوں نے محترمہ تھامس کو طالب علموں کے بارے میں بتایا اور انگریزی بولنے کے ساتھ ساتھ لکھنے، پڑھنے اور بولنے کی مہارتوں پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔
پروفیسر شگفتہ شاہین، صدر شعبہ انگریزی کی نگرانی میں ڈاکٹر محمد یوسف خان، پرنسپل پالی ٹیکنیک، حیدرآباد، ان کلاسس کے انعقاد میں معاونت کریں گے۔ یہ کلاسیں 17 اکتوبر 2022 سے شروع ہوں گی۔
 پروفیسر محمد فریاد
 

امن پسندی، اخلاق اور ثقافتی اقدار حیدرآبادی عوام کی وراثت
مانو میں حیات بخشی بیگم پر ڈرامے کا انعقاد ۔ جناب محمود علی اور پروفیسر عین الحسن کا خطاب

حیدرآباد، 4 اکتوبر (پریس نوٹ) امن پسندی ، اخلاق اور ثقافتی اقدار حیدرآباد کے لوگوں کو وراثت میں ملا ہے جو ان میں نسل در نسل چلی آرہی ہے۔ اس خیال کا اظہار مہمانِ خصوصی جناب محمد محمود علی، وزیر داخلہ، حکومت تلنگانہ نے کل شام مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام ڈرامہ ”سوانح حیات“ کے مشاہدے کے بعد کیا۔ ڈرامے کا اہتمام ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعاتِ دکن نے اوپن ایئر تھیئٹر میں کیا تھا جو یونیورسٹی کے جشن سیمیں تقاریب کا حصہ ہے۔ یہ ڈرامہ ملکہ حیات بخشی بیگم کی سوانح حیات پر مبنی ہے جو 17 ویں صدی میں گولکنڈہ کے قطب شاہی حکمرانوں میں سے تھیں۔ اس کی پیش کش بین الاقوامی شہرت یافتہ قادر علی بیگ تھیئٹر فاﺅنڈیشن کے فنکاروں نے کی۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس معیار کا ڈرامہ انہوں نے کئی برسوں کے بعد دیکھاہے۔ انہوں نے مرکز سے اظہار تشکر کیا کہ اس درجہ کا ڈرامہ یہاں پیش کیا گیا ہے۔
پدم شری ایوارڈ یافتہ ڈراما ہدایت کار اور فنکار جناب محمد علی بیگ نے کہا کہ طلبہ کی تالیاں ، ڈرامے میں ان کی دلچسپی اور اس سے لطف اندوزی کی شہادت دے رہی تھیں۔ پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی، ڈائرکٹر مرکز نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔ ڈاکٹر اے سبھاش، اسسٹنٹ پروفیسر نے شکریہ ادا کیا۔
ڈرامے کے ڈائرکٹر جناب محمد علی بیگ نے تین اہم کردار ادا کیے۔ جبکہ تجربہ کار اداکارہ محترمہ رشمی سیٹھ نے ملکہ کا کردار نبھایا۔ محترمہ نور بیگ، جناب وجئے پرساد، جناب ایس اے مجید اور محترمہ سارہ حسین معاون کرداروں میں تھے۔کثیر تعداد میں اساتذہ، غیر تدریسی عملہ، طلبہ ، شہر کی ممتاز شخصیتوں نے ڈرامے کا مشاہدہ کیا۔