مانو کے فارغ التحصیل طالب علم محمد جابر کو قومی ایوارڈ
حیدرآباد، 7 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سابق طالب علم محمد جابر کو اساتذہ کا قومی ایوارڈ حاصل ہوا۔ یہ ایوارڈ انہیں محترمہ دروپدی مرمو، صدر جمہوریہ ہند نے نئی دہلی میں یومِ اساتذہ کے موقع پر دیا ۔ یہ ایوارڈ ملک بھر کے 46 اساتذہ کو دیا گیا۔ ایوارڈ میں سلور میڈل کے علاوہ سرٹیفکیٹ انعام شامل ہے۔
پروفیسر رضاءاللہ خان، ڈائرکٹر نظامت فاصلاتی تعلیم کے بموجب محمد جابر نے سال 2010 میں مانو سے فاصلاتی تعلیم کے تحت انگریزی میں ایم اے کیا تھا۔ وہ فی الحال گورنمنٹ مڈل اسکول، کرت، کرگل، لداخ میں انگریزی و ماحولیاتی مطالعات کے استاد ہیں۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے محمد جابر کو مبارکبا دی اور ان کی اس کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ محنت او ر صلاحیت نے انہیں قومی سطح پر یہ مقام دلایا ہے۔ پروفیسر رضاءاللہ خان، ڈائرکٹر، نظامت فاصلاتی تعلیم نے کہا کہ یہ ایک فخر کا لمحہ ہے کہ اردو یونیورسٹی، حیدرآباد سے فاصلاتی طرز پر تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم کو یہ اعلیٰ مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں جشن سیمیں تقاریب جاری ہیں، ایسے میں محمد جابر کی یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ فاصلاتی طرز تعلیم کسی بھی ترقی میں رکاوٹ نہیں ہے۔
محمد جابر کے بموجب اردو یونیورسٹی سے ایم اے کرنے کے فوراً بعد اس وقت کی ریاست جموں و کشمیر میں ان کا محکمہ اسکولی تعلیم کے تحت ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچر کے طور پر تقرر عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے تعلیمی سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایم فل اور پی جی سی ٹی ای میں بھی کامیابی حاصل کی۔ ان کا مانو سے تعلق محض ایم اے انگریزی تک ہی محدود نہیں تھا۔ بلکہ انہوں نے مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اردو ذریعہ تعلیم، مانو کے ایک سمینار میں مقالہ بھی پیش کیا جو بعد میں وزارتِ تعلیم کے جریدے ”وائس آف ٹیچرس اینڈ ٹیچر ایجوکیٹرس“ میں شائع ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد ایک غریب مزدور ہیں اس لیے میں نے فاصلاتی طرز سے تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وہ پی ایچ ڈی کرنے کے خواہشمند ہیں۔
مانو کے فارغ التحصیل طالب علم محمد جابر کو قومی ایوارڈ
PressRelease