مانو میں فیشن و انٹیریئر ڈیزاننگ کورسز میں داخلے
حیدرآباد، 29 نومبر(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مہارتوں کے فروغ (اسکل ڈیولپمنٹ) پروگرامس کے تعلیمی سال 2022-23 کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اردو یونیورسٹی اور سمانا کالج آف ڈیزائن اسٹڈیز کے اشتراک سے جاری ان پروگراموں کے لیے آن لائن فارم داخلہ کی آخری تاریخ 10 دسمبر ہے۔
پروفیسر ایم ونجا، ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے بموجب ان کورسز میں اردو یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے پارٹ ٹائم کورسز سرٹیفکیٹ کورسز انٹیریر ڈیزائننگ اور فیشن ڈیزائننگ، اسی طرح ڈپلوما کورس ان انٹیریر ڈیزائننگ اینڈ فیشن ڈیزائننگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اردو یونیورسٹی سے تعلق نہ رکھنے والے طلبہ کے لیے انٹیریر ڈیزائننگ اور فیشن ڈیزائننگ میں ڈپلوما اور اڈوانسڈ ڈپلوما کورسز دستیاب ہیں۔ ہر کورس میں 25طلبہ کی گنجائش ہے۔
فیس کی ادائیگی اور آف لائن اسناد کی تنقیح 12 تا 14 دسمبر ہوگی۔ 16 دسمبر سے کلاسس کا آغاز ہوگا۔ تفصیلات ویب سائٹ www.manuu.edu.in سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ کسی بھی وضاحت کے لیے admissionsregular@manuu.edu.in پر ای میل کریں۔ کورسز کی تفصیلات 7075753187 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ رجسٹریشن کے متعلق مسائل کے لیے 6207728673 صبح 9 تا 5 بجے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
مانو میں اسپورٹس فلم فیسٹیول کا آغاز۔ طلبہ کی جوش و خروش سے شرکت
حیدرآباد، 29 نومبر(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے پیر کی شام خوشگوار رہی جب یہاں اسپورٹس فلم فیسٹیول کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر فلم چک دے انڈیا کی اسکریننگ کی گئی۔ جس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے طلبہ نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اس فیسٹیول کا اہتمام یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر نے وزارت اطلاعات و نشریات، حکومت ہند کے اشتراک سے کیا تھا۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے اس موقع پر صدارتی تقریر میں کھیلوں اور فلموں کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی ماحول میں اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے آئی ایم سی کی کاوشوں کی ستائش کی۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اقدار و ثقافت سے جڑے رہنے کے ساتھ ساتھ مختلف ثقافتوں سے بھی آگاہی حاصل کریں۔
ارجن ایوارڈ یافتہ ہاکی کھلاڑی پدم شری جناب مکیش کمار نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے سفر اور جدوجہد کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طلبہ کو سخت محنت کرنے اور اپنے مقصد پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی محنت کے بعد ہی ملتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کی کھیلوں کے کیریئر اور مواقع کے بارے میں بھی رہنمائی کی۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کے لیے آئی ایم سی کی ستائش کی۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے کہا کہ فلم محض تفریح کے لیے نہیں ہوتی بلکہ اس کے ساتھ بہت سے پہلو جڑے ہوتے ہیں، جو تعلیم اور اکتساب کا حصہ بھی ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر نے کہا کہ فلم فیسٹول یونیورسٹی میں باقاعدہ ہونے والی سرگرمی ہے جو آئی ایم سی کے فلم کلب سنیماتھک مانو کے تحت منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس سے قبل بھی یونیورسٹی میں مختلف فلم فیسٹولس کیے گئے ہیں۔
جناب محمد مجاہد علی، پروڈیوسر و شریک کنوینر فیسٹول کے بموجب ہفتہ طویل فیسٹول میں یونیورسٹی کے اوپن ایئر تھیئٹر میں میری کام، ایم ایس دھونی، دورنتو، اقبال، سانڈ کی آنکھ اور لگان کی اسکریننگ کی جائے گی۔
--------------------
اردو یونیورسٹی میں ”اُردو افسانہ: تجزیہ و تنقید“آج قومی سمپوزیم
معروف اردو افسانہ نگاروں کی شرکت
حیدرآباد، 29 نومبر(پریس نوٹ) شعبہ اردو، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور ساہتیہ اکادمی ،نئی دہلی کے اشتراک سے 30 نومبر کو ایک قومی سمپوزیم بہ عنوان ”اردو افسانہ : تجزیہ و تنقید“ کا انعقادعمل میں آرہا ہے۔ صدر شعبہ اردو اور سمپوزیم ڈائرکٹرپروفیسر شمس الہدیٰ دریابادی کی اطلاع کے مطابق اس سمپوزیم کا افتتاحی اجلاس شیخ الجامعہ پروفیسر سید عین الحسن کی صدارت میں صبح 10 بجے یونیورسٹی کے سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ سینئر افسانہ نگار، شاعر، دانشور اور سابق افسر بہار ایڈمنسٹریٹو سروسیز جناب شفیع مشہدی مہمان خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار اور پروفیسر عزیز بانو، ڈین اسکول براے السنہ، لسانیات و ہندوستانیات بہ طور مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔ پروفیسر شمس الہدیٰ کا استقبالیہ خطاب ہوگا ۔ڈاکٹر فیروز عالم موضوع کا تعارف پیش کریں گے۔ سمپوزیم کے تین اجلاسوں میں جناب شفیع مشہدی، جناب سلام بن رزاق، پروفیسر غضنفر، پروفیسر طارق چھتاری، جناب مظہرالزماں خاں، جناب نورالحسنین اور محترمہ قمر جمالی افسانے پیش کریں گے۔پیش کردہ افسانوں کا تجزیہ بالترتیب پروفیسر شمس الہدیٰ دریابادی، ڈاکٹر سید محمود کاظمی، ڈاکٹر گل رعنا، ڈاکٹر محمد زاہدالحق، ڈاکٹر بی بی رضا خاتون، ڈاکٹر اسلم پرویز اور ڈاکٹر حمیرہ سعیدکریں گی ۔اس کے مختلف اجلاسوں کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر بی بی رضا خاتون، ڈاکٹر محمد امتیاز عالم، ڈاکٹر بدر سلطانہ اورڈاکٹر جابر حمزہ نبھائیں گے۔سمپوزیم کے کنوینر ڈاکٹر فیروز عالم، اسو سی ایٹ پروفیسر، شعبہاردو ہیں۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد پروگرام میںشائقین ادب سے شرکت کی گزارش ہے۔اس قومی سمپوزیم کے تمام اجلاسوں کا راست ویب کاسٹ یونیورسٹی کے یو ٹیوب چینل https://www.youtube.com/watch?
------------------------------
مانو میں کثیر ثقافتیں اور تقابلی ادب پر ریفریشر کورس
حیدرآباد، 29 نومبر(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، مرکز فروغ انسانی وسائل (ایچ آر ڈی سی) کے زیر اہتمام کثیر ثقافتیں اور تقابلی ادب پر2ہفتے طویل ریفریشر کورس کا کل اختتام عمل میں آیا۔
پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈائرکٹر ایچ آر ڈی سی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شرکاءکثیرثقافتوں کو پہچانیں اور ثقافتی تنوع جو ہماری مقبول ثقافت میں نظر آتا ہے بلکہ ہمارے تعلیمی اداروں میں جہاں ہم نوجوانوں کو نصاب کی تدوین کے ذریعہ ثقافتی تنوع کی خصوصیات اور فوائد سے روشناس کرواتے ہیں۔ آسام، مغربی بنگال، بہار، دہلی، آندھرا پردیش، تلنگانہ، مدھیہ پردیش، کیرالا، ٹامل ناڈو، کرناٹک اور مہاراشٹرا سے جملہ 70شرکا نے اپنی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ریفریشر کورس میں حصہ لیا۔
آن لائن اور آف لائن طرز پر زائد از 50 سیشنس منعقد ہوئے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی یونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، یونیورسٹی آف حیدرآباد اور عثمانیہ یونیورسٹی کے ماہرین نے اپنے لیکچرس پیش کیے۔