نَیک کی جانب سے اردو یونیورسٹی کو "A+" گریڈ
PressRelease
نَیک کی جانب سے اردو یونیورسٹی کو "A+" گریڈ
سلور جوبلی سال میں نمایاں کامیابی،یونیورسٹی میں جشن کا ماحول
حیدرآباد 20 دسمبر (پریس نوٹ) پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر کی قیادت میں مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ہندوستان میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کی جانچ کرنے والے یوجی سی کے خود مختار ادارے نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل(NAAC) کی جانب سے ”A+“ گریڈ حاصل ہوا ہے۔ اس سے قبل یونیورسٹی کو 2016 اور 2009 میں لگاتار اے گریڈ حاصل ہوا تھا۔ اس بار یونیورسٹی کو NAAC نے 4 نشانات پر مبنی سی جی پی اے اسکیل کے تحت 3.36 نشانات عطا کیے ہیں۔ صدر نشین پیئر ٹیم پروفیسر محمد افشر عالم، وائس چانسلر ، جامعہ ہمدرد، دہلی کے ہمراہ اراکین پروفیسر وجئے دیو سنگھ، یونیورسٹی آف جموں، جموں و کشمیر، پروفیسر راجندر سنگھ یادو، کروکشیتر یونیورسٹی، ہریانہ؛ پروفیسر محمد سمیع اختر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی؛ پروفیسر دنیش کمار چوبے، نارتھ ایسٹ ہل یونیورسٹی، میگھالیہ؛ پروفیسر سبرامنیم ننداکمار، پیریار یونیورسٹی، تامل ناڈو اور پروفیسر راسیہ بیگم سی، یونیورسٹی آف کیرالا نے 13 تا 15 دسمبر یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا۔ ٹیم نے یہاں کی تحقیق، تعلیم، انفراسٹرکچر وغیرہ کی جانچ کرنے کے بعد یہ گریڈ عطا کیا ہے۔
اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن نے اپنے پیام میں تمام طلبہ، اساتذہ، عہدیداروں اور اسٹاف کو مبارکباد دی اور کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کے اس سلور جوبلی سال میں اے پلس گریڈ کا حصول مانو کے لیے یقیناً ایک اعزاز ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں مزید بہتر کام کرنا ہوگا۔ انگریزی اور دیگر قومی و مقامی زبانوں کی جامعات کے مقابلے میں اردو یونیورسٹی کو NAAC کا اعلیٰ ترین+ A گریڈ عطا کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اردو آج بھی عصری تقاضوں کی تکمیل کے معاملے میں کسی دوسری زبان سے پیچھے نہیں ہے۔ انہوں نے NAAC پیئر کمیٹی کے دورے اور تیاری کے سلسلے میں یونیورسٹی کے آئی کیو اے سی کے ڈائرکٹر پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری اور کمیٹی اراکین کی مساعی کی خصوصی طور پر ستائش کی۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے بھی NAAC کی جانب سے ہندوستان کی واحد اردو یونیورسٹی کو A گریڈ عطا کیے جانے پر اسے اردو ذریعہ تعلیم کے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔ یونیورسٹی میں سائنسی علوم، انجینئرنگ، پالی ٹیکنیک اور فنون و سماجی علوم کے کورسز اردو میں دستیاب ہیں۔ یونیورسٹی میں اس خبر سے جشن کا ماحول ہے اور تمام وابستگان ایک دوسرے کو مبارکباد دینے میں مصروف ہیں۔