Submitted by MSQURESHI on Fri, 01/20/2023 - 10:29
اردو یونیورسٹی میں ناروین پادری و مقرر ایج ٹارپ کا لیکچر PressRelease

عقیدہ، خاندان اور آزادی معاشرہ کی ترقی کے لیے ضروری
اردو یونیورسٹی میں ناروین پادری و مقرر ایج ٹارپ کا لیکچر

حیدرآباد، 19 جنوری (پریس نوٹ) عقیدہ، خاندان اور آزادی کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ جو خاندان، عقیدے اور آزادی کی قدر کرتے ہیں وقت کی مار سے محفوظ رہتے ہیں۔ ناروے کے پادری جناب جین۔ ایج ٹارپ نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے یو جی سی- مرکز برائے فروغ انسانی وسائل کے زیر اہتمام ایک لیکچر ”ہندوستان میں امن اور ثقافت“ دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
جناب ٹارپ نے ہندوستان کے وسیع ثقافتی تنوع کے بارے میں بات کرتے یہاں دستیاب آزادی کی ستائش کی۔ پادری ٹارپ نے کہا کہ ”میں نے ناروے میں اسقاط حمل کے خلاف مہم میں حصہ لیا ہے جو کہ مکمل طور تشدد سے پاک رہی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی کا فلسفہ کبھی بھی فرسودہ نہیں ہوگا۔ مذہبی تبدیلی کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے نشاندہی کی کہ مادّی فوائد اور جبراً تبدیلی ، تبدیلیِ مذہب کی بنیاد نہیں ہوسکتے ہیں۔پروفیسر صدیقی محمد محمود نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈائرکٹر ایچ آر ڈی سی نے مہمان کا تعارف پیش کیا۔

 

 محمد تبریز عالم کو اساتذہ کی پیشہ وارانہ استعداد کے موضوع پر پی ایچ ڈی

 

حیدرآباد، 19 جنوری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم و تربیت کے اسکالر محمد تبریز عالم ولد جناب محمد ابوبکر کو پی ایچ ڈی کا اہل قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنا مقالہ ”ریاست بہار کے ثانوی سطح کے اسکول اساتذہ کی پیشہ وارانہ استعداد، وابستگی اور اخلاقیات کا ایک مطالعہ“ ڈاکٹر محمد مظفر حسین خان، اسوسیئٹ پروفیسر کی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔ ان کا وائیوا 25 اکتوبر کو منعقد ہوا تھا۔ واضح رہے کہ محمد تبریز عالم یونیورسٹی کے کالج آف ٹیچر ایجوکیشن بھوپال میں بحیثیت گیسٹ فیکلٹی برسرخدمت ہیں۔

 

مانو میں بین الاقوامی سائنس کانفرنس
حیدرآباد، 19 جنوری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، اسکول برائے سائنسی علوم کے زیر اہتمام پہلی بین الاقوامی سائنس کانفرنس کا 27 ، 28 فروری 2023 کو انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین اسکول آف سائنسس کے بموجب تلخیص روانہ کرنے کی آخری تاریخ 15 فروری ہے۔ ملک بھر سے ممتاز ماہرین کلیدی خطبہ اور صدارت کریں گے۔ 28 فروری کو قومی یومِ سائنس کے سلسلے میں ایک خصوصی لیکچر ”ایس ٹی آئی کا مستقبل - تعلیم، مہارتوں اور کام پر اثر“ منعقد کیا جائے گا۔ ایک خصوصی سیشن ”چھوٹے اجناس - ہندوستان کی مستقبل کی غذا“ کے زیر عنوان 27 فروری کو منعقد ہوگا۔ ریسرچ اسکالرس طلبہ کو رجسٹریشن فیس500 روپئے ادا کرنی ہوگی جبکہ اساتذہ اور اسپانسرڈ شرکاءکے لیے 1000 روپئے فیس رکھی گئی ہے۔ تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.edu.in سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔