ڈاکٹر خلیل احمد کی اٹلی میں انٹرنیشنل ریسرچ ایکپیرینس فیلو شپ کی تکمیل
حیدرآباد، 24 جنوری (پریس نوٹ) ڈاکٹر خلیل احمد، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اٹلی کی یونیورسٹی آف پیسا میں باوقار سائنس اینڈ انجینئرنگ ریسرچ بورڈ (SERB) انٹرنیشنل ریسرچ ایکسپیریئنس (SIRE) فیلوشپ مکمل کی۔ وہ جولائی 2022 میں 6 ماہ کے لیے مشترکہ تحقیق میں حصہ لینے اٹلی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ وہ سائنس اینڈ انجینئرنگ ریسرچ بورڈ (SERB) کے لیے منتخب کردہ SIRE فیلوز میں سے ایک تھے۔
انہوں نے یونیورسٹی آف پیسا، اٹلی کے شعبہ کمپیوٹر میں پروفیسر لورا ایمیلیا ماریا ریکی کے ساتھ ہائپر لیجر فیبرک فریم ورک کا استعمال کرتے ہوئے بلاکچین پر مبنی ویکسین انٹیلیجنٹ نیٹ ورک کی تیاری پر کام کیا۔ ڈاکٹر خلیل نے بلاک چین ٹیکنالوجی اور سیکورٹی کے شعبے میں ایسے نامور پروفیسر کے ساتھ فیلو شپ پر کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے اپنے لیے فخر کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے اپنے دورے میں قیمتی تجاویز، تبادلہ خیال اور تعاون کے لیے پروفیسر فیبریزیو بیئرڈی، یونیورسٹی آف پیسا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے ڈاکٹر خلیل احمد کو مبارکباد پیش کی اور اس طرح کے مزید بین الاقوامی منصوبوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروفیسر عبدالواحد، ڈین اسکول آف ٹیکنالوجی اور ڈاکٹر سید امتیاز حسن ، صدر شعبہ کمپیوٹر سائنس و آئی ٹی، مانو نے بھی ڈاکٹر خلیل احمد کو باوقار بین الاقوامی پروجیکٹ میں حصہ لینے پر مبارکباد دی۔
ڈاکٹر خلیل احمد کی اٹلی میں انٹرنیشنل ریسرچ ایکپیرینس فیلو شپ کی تکمیل
PressRelease