”جل شکتی“ ایوارڈ کے لیے مرکزی ٹیم کا دورۂ اردو یونیورسٹی
حیدرآباد، 13 فروری(پریس نوٹ) مرکز ی وزارت آبی وسائل ”جل شکتی“ کی جانب سے چوتھے قومی ”واٹر ایوارڈ“ برائے زمرہ ”کیمپس کا بہترین استعمال کنندہ ادارہ“ کی زمینی جانچ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ ٹیم میں جناب ڈی رنگا ریڈی ، چیف انجینئر کے جی بی او، سی ڈبلیو سی، حیدرآباد؛ جناب سرینواسو بائری، سپرنٹنڈنٹ انجینئر، سی ڈبلیو سی، حیدرآباد؛ محترمہ کیرولین لوئس، سائنٹسٹ، سنٹرل گراﺅنڈ واٹر بورڈ، حیدرآباد اور جناب ایم وی کے سریش، پی اے، سی ڈبلیو سی، حیدرآباد شامل تھے۔ جل شکتی ابھیان، مانو کے صدر نشین پروفیسر شکیل احمد نے تمام مہمانان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کیمپس میں پانی کے مختلف ذرائع جیسے تالاب، بورویل، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، پانی کا تحفظ اور بہتر طریقے سے استعمال کے طریقۂ کار کا ٹیم کے روبرو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا۔ انہوں نے سوالات کے بھی تشفی بخش جوابات دیئے۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔ جل شکتی ابھیان مانو کے کنوینر پروفیسر محمد فریاد نے پانی کے تحفظ اور استعمال سے متعلق یونیورسٹی کے اندرون اور بیرون NSS, NCC کی مختلف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں جل شکتی ٹیم نے یونیورسٹی میں پانی کے مختلف وسائل کے مقامات جیسے تالاب، بارش کے پانی کے تحفظ کے گڑھوں، بورویل وغیرہ کا مشاہدہ کیا۔وزارت جل شکتی کی ٹیم نے یونیورسٹی کی جانب سے پانی کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی ستائش کی۔ اس موقع پر مانو کی جل شکتی ابھیان کمیٹی کے اراکین پروفیسر سنیم فاطمہ، جناب رضوان احمد، ڈاکٹر زیڈ عبدالرحیم، ڈاکٹر اقبال خان، ڈاکٹر جرار احمد، جناب ایس ناگیسورا ریڈی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
------------------------------
مانو آئی ایم سی کی تین فلموں کا انٹرنیشنل فلم فیسٹولس کے لیے انتخاب
حیدرآباد، 13 فروری(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) کی فلموں کا تین فلموں کافلم فیسٹولس میں انتخاب عمل میں آیا ہے۔ مختصر فلم ”ارسطو“ کو پائن ووڈ فلم اسٹوڈیو، آئیور، بیکھنگم شائر کے بین الاقوامی فلم فیسٹول لفٹ - آف گلوبل نیٹ ورک کے لیے انتخاب عمل میں آیا ہے، جبکہ دو فلموں ”کچرے سے توانائی“ اور ”بدلتا بھارت“ کو 14 ویں پرکرتی انٹرنیشنل ڈاکیومنٹری فلم فیسٹول، کنسورشیم آف ایجوکیشنل کمیونکیشن، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن، وزارت تعلیم، حکومت ہند کے لیے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی کے بموجب پرکرتی انٹرنیشنل ڈاکیومنٹری فلم فیسٹول ، تعلیمی ترسیل کا ایک مقبول ادارہ ہے۔ ان دونوں فلموں کو مدورائی کامراج یونیورسٹی میں فیسٹول کے دوران ایوارڈ اور اسکریننگ زمرہ میں دکھایا جائے گا۔
”ارسطو“ اردو زبان میں تیار کردہ مختصر ڈاکیومنٹری ہے جس کے ہدایتکار جناب عامر بدر، پروڈیوسر، آئی ایم سی، مانو ہیں۔ فلم میں یونانی فلسفی ارسطوکی سوانح حیات پیش کی گئی ہے۔ ارسطو سماج کے تمام طبقات کو معلومات کی فراہمی کے لیے مانو نالج سیریز کے تحت تیار کیا گیا تھا۔ پہلے ہی مختلف فلم فیسٹولس میں اس فلم کو کافی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ تاحال یہ فلم کسی فیسٹول کے لیے پانچویں مرتبہ منتخب ہوئی ہے۔ جناب عبید اللہ ریحان، کیمرہ پرسن کی ہدایت میں بنی فلم ”بدلتا بھارت“ کی بھی کئی فلم فیسٹولس میں ستائش ہوئی ہے۔ جبکہ ”کچرے سے توانائی“ جسے جناب محمد غوث، پروڈکشن اسسٹنٹ نے تیار کیا ہے کو بھی پہلے ایوارڈ حاصل ہوچکا ہے۔ دونوں فلموں کے تیار کنندگان کو سی ای سی ، یو جی سی کی جانب سے پرکرتی انٹرنیشنل ڈاکیومنٹری فلم فیسٹول میں اسکریننگ کے موقع پر مدعو کیا گیا ہے جو مارچ 2023 میں منعقد ہوگا۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے تعلیمی ترسیل کو فروغ دینے کی کوششوں پر آئی ایم سی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بین الاقوامی سطح کے تعلیمی مواد کی تیاری ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم سی بہترین اقدامات کر رہا ہے۔ جناب رضوان احمد ، ڈائرکٹر ، سنٹر نے فلموں کا تسلسل کے ساتھ مختلف قومی اور بین الاقوامی فلم فیسٹولس میں مانو کی فلموں کا انتخاب ہمارے لیے اطمینان کا باعث ہے۔