Submitted by MSQURESHI on Tue, 02/14/2023 - 17:08
PRO Office Image پروفیسر ابنِ کنول، امجد اسلام امجد اور ضیا محی الدین کے سانحۂ ارتحال پر اردو یونیورسٹی میں تعزیتی نشست PressRelease

 پروفیسر ابنِ کنول، امجد اسلام امجد اور ضیا محی الدین کے سانحۂ ارتحال پر اردو یونیورسٹی میں تعزیتی نشست

 

 حیدرآباد، 14 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یو نیورسٹی، شعبۂ اردوکی جانب سے معروف افسانہ نگار، نقاد اور سابق صدر شعبۂ اردو، دہلی یونیورسٹی پروفیسر ابن کنول، ممتاز اینکر اور تھیئٹر شخصیت جناب ضیاءمحی الدین اور مشہور شاعر و ڈراما نگار جناب امجد اسلام امجد کے سانحۂ ارتحال پر آج ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

پروفیسر شمس الہدیٰ دریابادی، صدر شعبۂ اردو نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام مرحومین کے کارہائے نمایاں پر جامع انداز میں روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ ضیا محی الدین نے ایک طویل عمر پائی اور اپنی صفات اور کمالات کے ذریعے ادب و فن میں بلند و بالا مقام حاصل کیا۔ متون کی قرات میں ان کا کوئی ثانی نہ تھا۔ امجد اسلام امجد عصر حاضر کے چند نمائندہ شاعروں میں سے تھے۔ ان کے اشعار کی دھوم پوری اردو دنیا میں تھی۔پروفیسر ابن کنول ہمارے عہد کے ایک اہم افسانہ نگار، خاکہ نگار اور نقاد تھے۔ وہ ایک نہایت زندہ دل اور خوش اخلاق انسان تھے۔

جلسے میں پروفیسر مسرت جہاں، ڈاکٹر فیروز عالم، ڈاکٹر بی بی رضا خاتون، ڈاکٹر احمد خاں، ڈاکٹر محمد اختر، ڈاکٹر کہکشاں لطیف، ڈاکٹر محمد اکبر اور ڈاکٹر جابر حمزہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔آخر میں پروفیسر شمس الہدیٰ دریابادی نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔ اس موقعے پر شعبے کے تمام ریسرچ اسکالرز اور طلباءو طالبات موجود تھے۔ ناظم اجلاس ڈاکٹر ابوشہیم خاں نے پروفیسر ابن کنول کی شخصیت اور کارناموں کا احاطہ کیا۔صنوبر ریاض کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے نشست کا آغاز ہوا۔

اردو یونیورسٹی میں پروفیسر فیضان مصطفی کا صغرا ہمایوں مرزا یادگاری خطبہ

 حیدرآباد، 14 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یو نیورسٹی، شعبۂ تعلیمِ نسواں میں 16 فروری 11 بجے دن، سید حامد لائبریری آڈیٹوریم، یونیورسٹی کیمپس میں صفدریہ گرلس ہائی اسکول کے اشتراک سے، صغرا ہمایوں مرزا یادگاری خطبہ بہ عنوان” دستورِ ہند، صنفی مساوات اور یونیفارم سیول کوڈ“ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ممتاز ماہرِ قانون، پروفیسر فیضان مصطفی ، شعبۂ قانون، علی گڑھ مسلم یو نیورسٹی و سابق وائس چانسلر ، نلسار یونیورسٹی آف لا، حیدرآباد خطبہ پیش کریں گے۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین، صدر شعبہ و کوآرڈینیٹر کے بموجب پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر صدارت کریں گے جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر فاطمہ علی خان، سابق صدر شعبۂ جغرافیہ و ڈائرکٹر سنٹر فار ویمنس اسٹڈیز، عثمانیہ یو نیورسٹی شرکت کریں گی۔ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد حیدرآباد دکن کی مایہ ناز خاتون صغرا ہمایوں مرزا کی شخصیت اور علمی، ادبی اور سماجی کارناموں سے نئی نسل کو روشناس کروانا، نیز تعلیم وترقی نسواں کے متعلق ان کے مشن کو ایک اور جہت دینا ہے۔ ہمایوں علی مرزا، سیکریٹری، صفدریہ گرلس ہائی اسکول و پروگرام شریک آرڈینیٹرنے علم دوست افراد سے شرکت کی درخواست کی ہے۔

پرینکا کماری کو ہندی میں پی ایچ ڈی

 

 حیدرآباد، 14 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یو نیورسٹی، شعبۂٌ ہندی کی اسکالر پرینکا کماری دختر جناب پون پرساد ساہی کو پی ایچ ڈی کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے مقالہ ”اکیسویں صدی کے ہندی ناٹکوں میں ابھی ویکت استری جیون کا سماجک یتھارت“ (اکیسویں صدی کے ہندی ڈراموں میں منعکس نسائی زندگی کی سماجی حقیقت) پروفیسر کرن سنگھ اٹوال کی نگرانی میں مکمل کیا۔ ان کا وائیوا 18 جنوری 2023ءکو منعقد ہوا تھا۔