مانو ایمپلائز ویلفیئراسوسئیشن کے انتخابات ، شیخ نوید صدر منتخب
حیدرآباد، 17 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں مانو ایمپلائز ویلفیر اسوسئیشن (میوا) کے انتخابات کل منعقد ہوئے۔ آج ووٹوں کی گنتی کی گئی۔ میوا، اردو یونیورسٹی کے سیکشن آفیسر کے عہدے تک غیر تدریسی عملے کی نمائندگی کرتی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر پروفیسر محمد عبدالعظیم کے بموجب جناب شیخ نوید مسلسل دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ ان کی بحیثیت صدر چوتھی میعاد ہے۔ ان کے علاوہ بداوتھ بکھشاپتی، نائب صدر؛ محمد شاہنواز علی قریشی ،جنرل سکریٹری؛ ایم اے نواز، جوائنٹ سکریٹری، دھرم جیت، سکریٹری؛ سید یوسف رضوی، آرگنائزنگ سکریٹری اور رزاق شریف، خازن کے عہدے پر منتخب ہوئے۔ ان کے علاوہ سید غوث،محمد جاوید اور ایم اے قیوم بابا کا اراکین کے طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر اور پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی۔ انتخابات کے انعقاد میں اراکین الیکشن کمیٹی ڈاکٹر شبانہ کیسر، ڈاکٹر مقیم احمد اور جناب محمد عمر نے تعاون کیا ۔
------------------------------
مانو میں کیمیکل انڈسری پر پروفیسر رفیق حسین صدیقی کے لیکچر کا انعقاد
حیدرآباد، 17 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، اسکول برائے سائنسی علوم، کیمسٹری سیکشن میں پروفیسر محمد رفیق حسین صدیقی، شعبہ کیمسٹری، یونیورسٹی آف لیورپول، برطانیہ کے مدعو لیکچر ”کیمیکل انڈسٹری، پرابلمس اینڈ سولیوشنس“ (کیمیکل انڈسٹری، مسائل اور حل) کا کل انعقاد عمل میں آیا۔
پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین کے بموجب پروفیسر رفیق حسین صدیقی جنہیں ”مین آف کیٹالیسس “ (عمل انگیزی) کہا جاتا ہے کا دنیا بھر کے ماہرین سے اشتراک ہے۔ ماحولیات، انڈسٹریز اور بنیادی تحقیق کے لیے کیٹالیسس پر اور ایڈوانسڈ مٹیریل بشمول نینو ذرات پر انہوں نے کام کیا۔
پروفیسر رفیق حسین صدیقی نے صنعتوں میں استعمال ہونے والے کیٹالیسس کی مختلف اقسام کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کیٹالیسس کے صنعتی استعمال کے بارے میں بتایا اور کم سہولیات والی لیباریٹری میں اس کی تحقیق کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پیشن گوئی کی کہ مستقبل میں کیمسٹری کی کیٹالیسس شاخ میں کافی وسیع مواقع ہیں اور وہ نئی تکنیکوں جیسے نینو کیٹالسٹ کے ذریعے انسانوں کی زندگی کو بدل دے گی۔
پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین، سکول آف سائنسز نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر رفیق صدیقی نے اپنے لیکچر کے ذریعے جو قیمتی تجاویز پیش کی ہیں وہ اردو یونیورسٹی میں جاری تحقیق کے لیے ایک مہمیز کا کام کریں گی۔ کیمسٹری کے اسسٹنٹ پروفیسرس ڈاکٹر علیم الدین نے کارروائی چلائی اور ڈاکٹر قسیم اللہ نے شکریہ ادا کیا۔ بعد میں پروفیسر رفیق حسین صدیقی نے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن سے بھی ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں یونیورسٹی کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
مانو میں الیکٹرانک تدریسی مواد کی تیاری پر ورکشاپ
حیدرآباد، 17 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) کی جانب سے 20 تا 27فروری الیکٹرانک تدریسی مواد (E-content) کی تیاری کی تکنیکوں پر ورکشاپ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ افتتاحی اجلاس آئی ایم سی میں 2:30 بجے دن منعقد ہوگا۔ اس کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر کریں گے۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار بھی خطاب کریں گے۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی کے بموجب ورکشاپ کواس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ مواد تخلیق کرنے کی مہارت کو بہتر بنانے اور ای-مواد کے منظر نامے کی بہتر تفہیم پیدا کرنے میں شرکاءکی مدد ہو۔ تعلیمی دنیا کی بدلتی ہوئی تصویر اور ڈیجیٹل تعلیم کے بڑھتے ہوئے منظرنامے کے پیش نظر ہر ماہر تعلیم کو جلد یا بدیر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سرگرم ہونا پڑے گا۔ وزارت تعلیم بھی اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اسے فروغ دیا جارہا ہے جو نئی تعلیمی پالیسی 2020 کا حصہ بھی ہے۔جناب شکیل احمد، انجینئر آئی ایم سی ورکشاپ کے کنوینر ہیں۔