Submitted by MSQURESHI on Thu, 03/23/2023 - 16:16
شعبہ فارسی، مانو میں ”سفرہ ھفت سین“ کا انعقاد PressRelease

جشنِ نوروز سے عالمی بھائی چارہ، آپسی اتحادو اتفاق کا فروغ

 

مانو میں ڈاکٹر تقی عابدی کا توسیعی لیکچر۔ پروفیسر عین الحسن کی بھی مخاطبت


 

 

              حیدرآباد، 23 مارچ (پریس نوٹ) نو روز تین ہزار سال سے منایا جانے والا وہ جشن ہے جس سے عالمی بھائی چارہ، آپسی اتحاد و اتفاق، یکدلی و یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔ نو روز کی تہذیبی و ثقافتی اہمیت کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ برصغیر میں خطۂ دکن کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ یہاں نو روز پر سب سے زیادہ اشعار کہے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی شہرت یافتہ اردو و فارسی اسکالر ڈاکٹر سید تقی عابدی نے شعبہ فارسی و مطالعاتِ وسط ایشیاء، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام عالمی یومِ نوروز کے موقع پر منعقدہ توسیعی لیکچر میں کیا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے صدارت کی ۔

              ڈاکٹر تقی عابدی نے 21 مارچ کو منعقدہ ” نوروز کی روایت و اہمیت۔ برصغیر کے تناظر میں“ کے زیر عنوان لیکچر میں نوروز پر قلی قطب شاہ، عبداللہ قطب شاہ اور نظام ہفتم نواب میر عثمان علی خاں بہادر کے اشعار بھی پیش کیے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ اگر اپنی تہذیب و ثقافت کو جاننا ہے ہو تو فارسی مخطوطات کا مطالعہ اور اس کا سمجھنا بے حد ضروری ہے۔

              جناب علی اکبر نیرومند، ریجنل ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائکرو فلم سینٹر برائے جنوبی ہند اور پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے بحیثیت مہمانانِ اعزازی شرکت کی۔ پروفیسر عزیز بانو، ڈین اسکول برائے السنہ، لسانیات و ہندوستانیات نے خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر سیدہ عصمت جہاں، صدر شعبہ فارسی نے استقبالیہ پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد رضوان، اسسٹنٹ پروفیسر نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر قیصر احمد، اسوسیئٹ پروفیسر نے کارروائی چلائی۔ ڈاکٹر جنید احمد، اسسٹنٹ پروفیسر نے شکریہ ادا کیا۔ بڑی تعداد میں اساتذہ، طلبہ نے توسیعی لیکچر میں شرکت کی۔

 

 

شعبہ فارسی، مانو میں ”سفرہ ھفت سین“ کا انعقاد


 

 

              حیدرآباد، 23 مارچ (پریس نوٹ) مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ فارسی و مطالعات وسط ایشیاءکی جانب سے 21مارچ کو عالمی یومِ نوروز کے موقع پر ”سفرہ ھفت سین“ ترتیب دیا گیا۔ ڈاکٹر سیدہ عصمت جہاں، صدر شعبہ کے بموجب مراسم نوروز کی اہم ترین رسوم میں سے ایک ”سفرہ ھفت سین“ ہوتی ہے۔ اس سفرہ یعنی دسترخوان پر صرف ”سین “سے شروع ہونے والی سات اشیاءکو سجایا جاتا ہے۔ جیسے کہ سبزہ، سرکہ، سیب وغیرہ اس کے ساتھ دیگر اشیاءخردنی جیسے شیرینی، تازہ و خشک میوے وغیرہ بھی رکھے جاتے ہےں۔ سفرہ ھفت سین کا افتتاح پروفیسر سید عین الحسن ، وائس چانسلر مانو اور محترمہ عرشیہ عین الحسن کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ پروفیسر عزیز بانو، ڈین اسکول برائے السنہ، لسانیات و ہندوستانیات نے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار؛ ڈاکٹر تقی عابدی، ممتاز اسکالر (کینڈا) ، جناب علی اکبر نیرومند، ریجنل ڈائرکٹر ، نور انٹرنیشنل مائکروفلم سینٹر برائے جنوبی ہند ؛ پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I، پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈائرکٹر، ایچ آر ڈی سی؛ ڈاکٹر زائر حسین، کنٹرولر امتحانات؛ پروفیسر شمس الہدیٰ، صدر شعبۂ اردو، پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی، سی یو سی ایس؛ ڈاکٹر احمد خان، ڈائرکٹر، سی یو سی ایس؛ کے علاوہ شعبہ فارسی کے اساتذہ ڈاکٹر قیصر احمد، ڈاکٹر رضوان و ڈاکٹر جنید احمد، جناب علی اور دیگر شعبوں سے وابستہ اساتذہ اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔