Submitted by MSQURESHI on Mon, 04/03/2023 - 09:53
اُردو یونیورسٹی کے لیے نئی بس اور ایمبولنس کا حصول PressRelease

انڈو - فرنچ سنٹر کے ڈائرکٹر کا اردو یونیورسٹی کا دورہ

سائنس کے شعبے میں تعاون و اشتراک کی تجویز

 

 

 

حیدرآباد، 31 مارچ (پریس نوٹ) پروفیسر نتن سیٹھ، ڈائرکٹر انڈو فرنچ سنٹر فار دی پروموشن آف اڈوانسڈ ریسرچ، نئی دہلی (آئی ایف سی پی اے آر) نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I، پروفیسر صدیقی محمد محمود، او ایس ڈی II اور صدور شعبہ جات سے ملاقات کی۔

پروفیسر سید عین الحسن نے پروفیسر نتن سے تبادلہ خیال میں دونوں اداروں کے درمیان سائنس کے شعبے میں اشتراک کے امکانات پر غور و خوض کیا۔ آئی ایف سی پی اے آر جو فرانسیسی مخفف CEFIPRA سے زیادہ معروف ہے، ہند-فرانسیسی سائنسی پراجیکٹس اور مشترکہ سمینار / ورکشاپ کا انعقاد بھی کرتا ہے۔

مرکز نے ہند - فرانسیسی اشتراک سے اقوام متحدہ کی واٹر سمٹ جو یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر پیرس میں 6تا 8 دسمبر 2022 منعقد ہوئی تھی کے سلسلے میں مانٹپلر، فرانس میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا۔ اس سمٹ میں پروفیسر شکیل احمد، اسکول آف سائنسس، اردو یونیورسٹی نے ہندوستانی وفد کی قیادت کی تھی۔ پروفیسر عین الحسن نے نوجوان اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس اشتراک کے تحت مشترکہ تحقیقی پروگرامس کی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی زبان کی اہمیت مسلمہ ہے اور مانو میں پہلے ہی فرانسیسی کا ایک سرٹیفکیٹ کورس چلایا جارہا ہے۔

پروفیسر نتن سیٹھ نے کہا کہ سنٹر، سائنس کے تمام شعبوں کے لیے اختراعی طریقوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ جب کہ بنیادی اور اپلائڈ سائنسس اشتراک کے اہم میدان ہیں۔ انہوں نے مختلف پروگرامس پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خواتین کے لیے اسکالرشپ، خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے خاتون اساتذہ کا تبادلہ ، اشتراکی سائنسی تحقیقی پروگرام (سی ایس آر پی)، انڈسٹریز اکیڈیمک ریسرچ پروگرام (آئی اے آر پی) اور انڈسٹریز اکیڈیمک ریسرچ سمینار (آئی اے آر ایس) وغیرہ کا ذکر کیا۔ پروفیسر نتن نے کہا کہ ممتاز فرانسیسی سائنسدانوں بشمول نوبل انعام یافتگان کو مانو کا دورہ کرنے اور لیکچرس دینے میں ان کا سنٹر تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تسلسل کے ساتھ مانو کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے پروفیسر عین الحسن کو انڈو-فرنچ سائنٹفک کنیکٹ میٹنگ جو 3 اپریل کو سی ایس آئی آر - آئی آئی سی ٹی، حیدرآباد میں منعقد شدنی ہے میں مدعو کیا۔

پروفیسر شکیل احمد، اسکول آف سائنسس نے خیر مقدمی خطاب اور شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر فریدہ صدیقی، ڈین فنون و سماجی علوم،پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین سائنسس، پروفیسر بدیع الدین احمد، ڈین کامرس و بزنس مینجمنٹ ، ڈاکٹر سید امتیاز حسن، ڈاکٹر صلاح الدین، ڈاکٹر محمد یوسف خان، ڈاکٹر افروز، جناب اقبال خان نے تبادلہ خیال میں حصہ لیا۔ پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ، پروفیسر عزیز بانو، ڈین لینگویجس، پروفیسر محمد فریاد، ڈین ایم سی جے، پروفیسر پروین جہاں، ڈاکٹر جی وی کے رتناکر، ڈاکٹر عرشیہ اعظم بھی موجود تھے۔

 

 

اُردو یونیورسٹی کے لیے نئی بس اور ایمبولنس کا حصول

 

 

حیدرآباد، 31 مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی نے ایک نئی 50 سیٹربس اور عصری سہولیات سے لیس ایمبولنس کا حصول کیا ہے۔ بس اور ایمبولنس سے طلبہ، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد کو سہولت ہو گی۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر؛ پروفیسر اشتیاق احمد،ر جسٹرار آج ایمبولنس کی آمد کے وقت موجود تھے جب کہ 29 مارچ کو بس یونیورسٹی لائی گئی۔ پروفیسر محمد فریاد، صدر نشین سوشل ریسپانسبلٹی اینڈ ایکسٹنشن ایکٹوٹیز کمیٹی اور ڈاکٹر ایم اے قدوس، اسسٹنٹ رجسٹرار، اسٹیٹ اینڈ ٹرانسپورٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بس طلبہ کو مین روڈ سے یونیورسٹی لانے اور واپس لے جانے میں معاون ہوگی جبکہ ایمبولنس کو طبی ایمرجنسی میں استعمال کیا جائے گاجو اردو یونیورسٹی میں پہلے سے دستیاب طبی سہولتوں میں نیا اضافہ ہوگا۔

--