مانو میں بہت جلد ماسٹر آف ووکیشنل کورسز کا آغاز: پروفیسر عین الحسن
بیچلر آف ووکیشنل کورسز کے طلبہ کا میڈی کور ہاسپٹل میں تقرر۔ ہاسپٹل کے عہدیداران کا خطاب
حیدرآباد، 5 اپریل (پریس نوٹ) یونیورسٹی میں بہت جلد ماسٹر آف ووکیشنل کورسز کا آغاز ہوگا ۔ اس کے علاوہ مارکٹ کی ضروریات کے پیش نظر مزید کورسز شروع کیے جائیں گے۔ یونیورسٹی کے ہیلتھ سنٹر میں فزیوتھیراپسٹ، اسکن اسپیشلسٹ اور کارڈیولوجسٹ کی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں پروفیسرسید عین الحسن، وائس چانسلر نے آج بیچلر آف ووکیشنل کورسز کے آخری سمسٹر کے 16 طلبہ کو میڈی کور ہاسپٹل کی جانب سے تقرر ناموں کی تقسیم کے پروگرام میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ان طلبہ کا میڈی کور کے ریڈیالوجی اور میڈیکل لیب شعبوں میں تقرر عمل میں آیا ہے۔ بیچلر آف ووکیشنل کورسز کے اولین بیچ کے 50 طلبہ کے منجملہ 16طلبہ کا انتخاب فائنل امتحان سے قبل عمل میں آیا ہے۔ ان طلبہ نے میڈی کور ہاسپٹل میں 6 ماہ کی انٹرن شپ 2 اپریل کو مکمل کی ۔ بی ووک طلبہ کے لیے17 اپریل کو یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل کی جانب سے ایک پلیسمنٹ ڈرائیو کا انعقاد بھی عمل میں آرہا ہے جس میں مختلف ہاسپٹلس حصہ لیں گے۔مانو پہلی یونیورسٹی ہے جہاں بی ووک پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔
پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے یونیورسٹی کے ووکیشنل کورسز کو منظوری دے دی ہے۔ حکومت ہند سے منظوری کے بعد ان کورسز کا آغاز کیا گیا تھا۔ بہت جلد دوسری جامعات میں بھی ان کورسز کا آغاز ہوجائے گا جبکہ مانو میں اس کا نہ صرف آغاز ہوا بلکہ آج اس کے اولین بیچ کے طلبہ میں تقرر نامے تقسیم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے نئی بس خریدی ہے جو ووکیشنل طلبہ کے لیے دواخانہ لے جانے اور لانے میں استعمال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد دیگر ہاسپٹلس سے بات ہوگی تاکہ یہاں سے کامیاب تمام طلبہ کا فوری تقرر ہوجائے۔
ڈاکٹر شرت ریڈی، کارڈیالوجسٹ، ایگزیکیٹو ڈائرکٹر، میڈی کور نے کہا کہ ہندوستان میں طبی سہولیات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب ہم جاپان جیسے ترقی یافتہ ملک کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ لیکن مستقبل میں مزید انسانی وسائل کی ضرورت ہے۔ طبی شعبہ میں نئی ٹیکنالوجیز آرہی ہیں۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ شعبۂ طب سے وابستہ افراد کو وقت کے ساتھ تبدیل ہونے کی ضرورت ہے۔ایسے میں تعلیمی ادارے مزید ماہرین تیار کریں۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے اپائنٹمنٹ لیٹر حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور میڈی کور ہاسپٹل کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر ستیش کمار کیلاشم، گروپ میڈیکل ڈائرکٹر اینڈ اکیڈیمک ڈائرکٹر آف میڈی کور انڈیا نے کہا کہ اب ہمیں اپنے شفاخانوں کے تربیت یافتہ اسٹاف حاصل ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر درگیش، میڈی کور بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پروفیسر سید نجم الحسن، شعبہ ریاضی و انچارج ڈین اسکول آف سائنسس نے خیر مقدم کیا۔ پروفیسر مقبول احمد، نوڈل آفیسر ووکیشنل کورسز نے کارروائی چلائی۔ ڈاکٹر صلاح الدین، اسکول آف سائنسس نے شکریہ ادا کیا
مانو میں بہت جلد ماسٹر آف ووکیشنل کورسز کا آغاز: پروفیسر عین الحسن
PressRelease