مانو کی دو فلموں کو سی ای سی یو جی سی ویڈیو فیسٹول میں اعزاز
آڈیو ویژول میڈیا کے ذریعہ اردو کو فروغ دینے پر پروفیسر عین الحسن نے آئی ایم سی کی ستائش کی
حیدرآباد، 12 اپریل (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کی جانب سے تیار کی گئی فلموں ”الزہراوی“ اور ”پالیمر، دی پرامِس آف پی ڈی ایم ایس“ کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے خود مختار ادارے کنسورشیم فار ایجوکیشنل کمیونکیشن (سی ای سی) کے تعلیمی ویڈیو فیسٹول میں اعزاز سے نوازا گیا ہے۔فلم ”الزہراوی“ کو ویژول ایفکٹس اینڈ انیمیشن کے زمرہ میں بہترین فلم قرار دیا گیا۔ جبکہ ”پالیمر، دی پرامِس آف پی ڈی ایم ایس“ کو بہترین فلم / ڈاکیومنٹری کے زمرہ میں دیگر 3 فلموں کے ہمراہ توصیف نامہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی کے بموجب مانو نالج سیریز کے تحت تیار کردہ فلموں ”الزہراوی“ جسے جناب عمر اعظمی، پروڈیوسر اور ”پالیمر، دی پرامِس آف پی ڈی ایم ایس“ جسے جناب عبید اللہ ریحان، کیمرہ پرسن نے تیار کیا ہے کو سی ای سی یو جی سی کے 24 ویں تعلیمی ویڈیو فیسٹول میں یہ اعزاز حاصل ہوئے۔
”الزہراوی“ ممتاز سائنسداں الزہراوی کے طب کے شعبہ میں ان کی گرانقدر خدمات اور حالاتِ زندگی پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم ہے۔ ”پالیمر، دی پرامِس آف پی ڈی ایم ایس“ سنٹرل یونیورسی آف حیدرآباد کے محققین کی تحقیق پر مبنی ڈاکیومنٹری ہے جس میں پالیمر مواد سے ایک ایسے مٹیریل کی تیاری کو دکھایا گیا ہے جو مستقبل میں الیکٹرانک اشیاءبنانے میں ایک انقلاب لاسکتا ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے آئی ایم سی کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور آڈیو ویژول میڈیا کے ذریعے اردو اور تعلیم کو فروغ دینے میں میڈیا سنٹر کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی نالج سیریز کے تحت تیار کردہ فلمیں جہاں فکر انگیز ہوتی ہیں وہیں ان سے اردو زبان کو فروغ اور معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان کامیابیوں سے آئی ایم سی کی ٹیم میں کام کے تئیں دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔
جناب رضوان احمد ، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے کہا کہ ان فلموں کو پہلے بھی مختلف قومی اور بین الاقوامی فلم فیسٹولس میں منتخب کیا گیا اور ناقدین کی جانب سے ان کی ستائش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نالج سیریز کا مقصد اردو زبان اور ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ فلموں کے ذریعے اہم مسائل اور کہانیوں کو منظر عام پر لانا ہے۔
مانو کی دو فلموں کو سی ای سی یو جی سی ویڈیو فیسٹول میں اعزاز
PressRelease