فرانس میں تعلیمی مواقع پر اردو یونیورسٹی میں پروگرام
حیدرآباد، 4 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور کیمپس فرانس انڈیا (سی ایف آئی) کے اشتراک سے ”فرانس میں تعلیمی مواقع“ پر آج ایک لیکچر منعقد کیا گیا۔ سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم ، مانو کیمپس میں منعقدہ پروگرام کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کی۔ اس موقع پر کیمپس فرانس کی نمائندہ محترمہ مرین رائکھان، نے فرانس کے تعلیمی نظام، داخلے کے لیے درکار ضروریات، دستیاب کورسس کے متعلق قیمتی معلومات فراہم کیں تاکہ طلبہ فرانس کے کثیر تعلیمی مواقع سے استفادہ کرسکیں۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کہا کہ ملک نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کو نافذ کر رہا ہے تاکہ ہندوستانی تعلیمی نظام کو نئی جہت دی جاسکے۔ آج کا پروگرام بھی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت طلبہ کی رہنمائی اور ان کے درخشاں مستقبل کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
ہمارے ملک میں جہاں زیادہ سے زیادہ طلبہ بیرون ملک میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں اس طرح کے پروگرام، وہاں دستیاب مواقع اور مستقبل کے لیے ان کی ذہن سازی میں معاون ہوتے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، پروفیسر محمد فریاد، ڈین اسکول برائے ترسیل عامہ و صحافت، پروفیسر شکیل احمد، اسکول برائے سائنسی علوم بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ بڑی تعداد میں طلبہ نے پروگرام میں شرکت کی اور کیمپس فرانس کے نمائندوں سے سوالات کرتے ہوئے معلومات میں اضافہ کیا۔
------------------------------
مانو میں اقتصادی فیصلوں کے تعلیم پر اثرات کے موضوع پر لیکچر کا انعقاد
حیدرآباد، 4 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبۂ تعلیم و تربیت کے زیر اہتمام G20 یونیورسٹی کنیکٹ پروگرام کے تحت پروفیسر رمیش چندر، یونیورسٹی آف دہلی (ریٹائرڈ) کا بعنوان ”تعلیم پر اقتصادی فیصلوں کے اثرات: قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں عکاسی“ آن لائن لیکچر کا کل انعقاد عمل میں آیا۔ انہوں نے معیار اور طلبہ کو مسابقتی جاب مارکٹ کے لیے درکار مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے این ای پی 2020 کے تحت کیے گئے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔
پروفیسر صدیقی محمد محمود، ڈین اسکول برائے تعلیم و تربیت نے خیر مقدمی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد مشاہد، صدر شعبہ نے اختتامی خطاب کیا۔ ڈاکٹر اشونی، اسوسیئٹ پروفیسر نے شکریہ ادا کیا۔ بڑی تعداد میں دیگر جامعات کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی اس لیکچر میں آن لائن شرکت کی۔
------------------------------
اردو یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک اسٹڈیزمیں ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ وفد کا دورہ
حیدرآباد، 4 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ اسلامک اسٹڈیز کا ہنری مارٹن انسٹیٹیوٹ سے مذہبی رہنماؤں پر مشتمل ایک وفد نے دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک تعارفی نشست بعنوان ”ثقافتی تنوع، مذہب اور نظام تعلیم کی تفہیم“ کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈاکٹر فادروکٹر ایڈون سینئر ریسرچ فیلو اسلامک اسٹڈیز، ودیا جیوتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ کا مقصد عیسائیوں اور مسلمانوں کے درمیا ن رشتے کو سمجھنا اور مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مذاہب کی تفہیم کےلئے ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ ہر سال سمر اسکول کے تحت ملک اور بیرون ملک کے طلبہ، اساتذہ اور پادریوں پر مشتمل وفدمختلف جامعات اور تحقیقی اداروں کا دورہ کرتا ہے ،تاکہ مختلف مذاہب کی تعلیمات کو سمجھا جاسکے۔ پروگرام کے مہمان مقرر ڈاکٹر عبد المجیدقدیر خواجہ نے اسلام کی بنیادی تعلیمات پر خطاب کرتے ہوئے سورہ اخلاص کی روشنی میں اللہ کی وحدانیت اور انبیا کی ضرورت پر بات کی نیز محمد ﷺ کی شخصیت کو مصلح قرار دیتے ہوئے بتایا کہ آپ ﷺنے زندگی کے ہر میدان میں عملی بدلاؤ لاکر لوگوں کی رہنمائی کی۔ اس کے بعدپروفیسر محمد حبیب نے اپنے صدارتی خطاب میں اسلامی تاریخ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسلام کے ساتھ دوسرے مذاہب کی تعلیمات سے بھی واقفیت حاصل کرنی چاہئے تاکہ مذہبی بھائی چارگی کو فروغ دیا جاسکے۔ خطاب کے بعدسوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں ہنری مارٹن کے وفد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس تعلیمی نشست سے استفاد ہ کا موقع ملااور اسلا م کی صحیح تعلیمات سے واقفیت ہوئی۔ پروگرام کا آغاز مدیحہ بیگم ( ایم اے سال دوم ) کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، ڈاکٹرمحمد عرفان احمد (اسسٹنٹ پروفیسر) نے استقبالیہ کے ساتھ شعبہ کا تعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد سراج الدین (اسسٹنٹ پروفیسر)نے مہمانوں کاشکریہ ادا کیاجبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عاطف عمران (اسسٹنٹ پروفیسر)نے انجام دئے۔
MANUU Pr 04-05-2023.pdf