اردو یونیورسٹی میں 4 سالہ انٹیگریٹڈ بی ایڈ پروگرام میں داخلوں کا آغاز

Hyderabad,


اردو یونیورسٹی میں 4 سالہ انٹیگریٹڈ بی ایڈ پروگرام میں داخلوں کا آغاز
بی اے بی ایڈ، بی ایس سی بی ایڈ اور بی کام بی ایڈ دستیاب
حیدرآباد، 25 اپریل (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2024-25 کے لیے چار سالہ انٹیگریٹڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام (آئی ٹی ای پی) میں داخلوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہ کورس نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس میں داخلہ کے لیے طلبہ کو نیشنل کامن انٹرنس ٹسٹ میں کامیاب ہونا ہوگا۔خواہشمند طلبہ آن لائن لنک https://ncet.samarth.ac.in پر 30 اپریل 2024 تک درخواست داخل کرسکتے ہیں۔
پروفیسر ایم ونجا، ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے بموجب بی اے بی ایڈ، بی ایس سی بی ایڈ اور بی کام بی ایڈ کے ہر کورس میں 50 نشستیں دستیاب ہیں۔ داخلہ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی کی جانب سے منعقدہ این سی ای ٹی میں حاصل کردہ نشانات کی بنیاد پر دیا جائے گا۔
بی ایڈ کا یہ مربوط کورس طلبہ کو بیک وقت دو شعبوں میں ماہر بناتا ہے جس میں ایک خصوصی مضمون اور دوسرا تدریس کا میدان۔ اس کورس کے خصوصی مضامین میں زبان، تاریخ، موسیقی، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، کیمیائ، معاشیات، فنون، جسمانی تعلیم وغیرہ شامل ہیں۔ اس میں تدریس کے تعلیم کے علاوہ سماجیات، تاریخ، سائنس، نفسیات اور ابتدائے بچپن کی نگہداشت و تعلیم، بنیادی تعلیم و شماریات، نالج آف انڈیا اور اس کے اقدار، اخلاقیات، فنون، روایات وغیرہ پر بھی توجہ دی جائے گی۔ آئی ٹی ای پی ایک دوہری مہارت کا کورس ہے جس میں پہلی مہارت اسکولی سطح کے مضامین کی اور دوسری منتخبہ ڈسپلن کی مہارت ہے۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی شعبہ ¿ تعلیم و تربیت، نیشنل کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن کی جانب سے ہندوستان بھر میں منتخبہ اداروں میں سے ہے جنہیں آئی ٹی ای پی شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کم از کم دسویں /بارہویں / گریجویشن میں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرچکے ہوں یابحیثیت زبان/مضمون اردو کامیاب ہوں یا یونیورسٹی کے منظورکردہ مماثل مدرسہ کورسز جن کا ذریعہ تعلیم اردو ہو ، کامیاب ہوں اور جنہوں نے سینئر سیکنڈری، پلس ٹو سطح یا مساوی امتحان میں 50 فیصد سے زائد نشانات سے کامیابی حاصل کی ہو داخلے کے اہل ہیں۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے منتخب کردہ مضامین میں سے کوئی دو سینئر سیکنڈر ی یا پلس ٹو یا مماثل کورس میں پڑھ چکے ہوں۔ حکومتِ ہند کے قواعد کے مطابق ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ کے امیدوار بھی اہل ہیں۔
داخلے کا طریقہ ¿ کار: آئی ٹی ای پی میں داخلے این سی ای ٹی میں حاصل کردہ نشانات کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔
آن لائن درخواست داخل کرتے وقت طلبہ اپنے مضمون / ڈسپلن (بی اے بی ایڈ، بی ایس سی بی ایڈ، بی کام بی ایڈ) منتخب کریں۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبہ اردو کو لازمی مضمون کے طور پر سیکشن 1 میں لینگویج 1 کے طور پر منتخب کرنا ہوگا۔
سیکشن 2 میں طلبہ کوئی دیئے گئے مضامین سے کوئی 3 خصوصی مضامین کا انتخاب کریں گے۔ (a) بی اے بی ایڈ میں سیاسیات، تاریخ، جغرافیا، معاشیات (کوئی بھی تین)(b) بی ایس سی بی ایڈ - ریاضی، طبیعیات، کیمیاء، حیاتیات (کوئی بھی تین)(c) بی کام بی ایڈ- اکاﺅنٹنسی، بزنس اسٹڈیز، بزنس اکنامکس، آنٹرپرینیورشپ (کوئی بھی تین)۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبرات 6207728673 اور 6302738370 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ فارم کی خانہ پری سے قبل وہ لازمی طور پر این ٹی اے کے معلوماتی بلیٹن اور مانو آئی ٹی ای پی پراسپکٹس کا مطالعہ کرلیں۔