نہج البلاغہ کانفرنس اور شعبۂ فارسی میں توسیعی لیکچر
Hyderabad,
نہج البلاغہ کی روحانی و دانشورانہ اہمیت آج بھی مسلمہ
مانو میں بین الاقوامی نہج البلاغہ کانفرنس سے شرکاءکا خطاب
حیدرآباد، 28 نومبر (پریس نوٹ) دورِ حاضر میں بھی نہج البلاغہ کی روحانی اور دانشورانہ اہمیت سارے عالم پر عیاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایران سے تشریف لائے آیت اللہ مہدی مہداوی پور نے کیا۔ وہ آج شعبہ عربی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کو مخاطب کر رہے تھے۔ اس کانفرنس کا انعقاد نہج البلاغہ سوسائٹی، حیدرآباد کے تعاون سے عمل میں آیا۔ آیت اللہ مہدی مہداوی پور اس کانفر نس میں کلیدی خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے نہج البلاغہ سے مدد لی جاسکتی ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر سیدعین الحسن نے کی۔ انہوں نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو نہج البلاغہ کے موضوع پر بین الاقوامی حیثیت کے اسکالرس کے ساتھ کانفرنس کے انعقاد کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے۔
کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں نہج البلاغہ کے اردو اور انگریزی تراجم کے علاوہ نہج البلاغہ کی تعلیمات پر مبنی دو کتابوں کی رسم اجراءبھی انجام دی گئی۔ قبل ازیں کانفرنس کے آغاز پر صدر شعبۂ عربی پروفیسر علیم اشرف جائسی نے خیر مقدمی کلمات کہے اور نہج البلاغہ کانفرنس کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور ساتھ ہی شعبہ عربی کو اس موضوع پر کانفرنس کے انعقاد کا موقع فراہم کرنے کے لیے شیخ الجامعہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
افتتاحی اجلاس میں ڈاکٹر حیدر رضا ضابط نے ہدیۂ تشکر ادا کیے۔ جبکہ سی پی ڈی یو ایم ٹی کے ڈائرکٹر پروفیسر عبدالسمیع صدیقی نے کارروائی چلائی۔ کانفرنس کے دیگر اجلاس میں جن قابل قدر حضرات نے اپنے مقالے پیش کیے ان میں مولانا مجاہد حسین، کویت سے تشریف لانے والے پروفیسر حسن کمال اور انجینئر مصطفی جی عباس کے علاوہ قم ایران سے تشریف لانے والے ڈاکٹر علی ضیائی شامل تھے۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والوں میں نہج البلاغہ سوسائٹی،حیدرآباد کے ذمہ داران کے علاوہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس بھی شامل تھے۔
شعبۂ فارسی،مانو میں ڈاکٹر تقی عابدی کا توسیعی خطبہ
حیدرآباد، 28 نومبر (پریس نوٹ) شعبۂ فارسی و مطالعاتِ وسط ایشیاء، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام ممتاز محقق، نقاد، شاعر وادیب ڈاکٹر تقی عابدی (کنیڈا) کا ایک توسیعی خطبہ بعنوان ”بیدل شناسی کی روایت فارسی اور اردو شاعری کے تناظر میں“ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کنوینر پروفیسر عزیز بانو، پروفیسر شعبہ و ڈین اسکول آف لینگویجس کے بموجب 2 دسمبر کو 11 بجے دن کانفرنس ہال، اسکول آف لینگویجس میں اس خطبہ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ پروفیسرسید عین الحسن، وائس چانسلر صدارت کریں گے۔ جبکہ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار بحیثیت مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے۔ ڈاکٹر سید عصمت جہاں، صدر شعبہ نے اہل ذوق حضرات سے شرکت کی خواہش کی ہے۔