Submitted by MSQURESHI on Wed, 05/24/2023 - 16:34
یو جی سی راج بھاشا ٹیم کا دورہ ٔ اردو یونیورسٹی PressRelease
یو جی سی راج بھاشا ٹیم کا دورہ ٔ اردو یونیورسٹی
 
 
حیدرآباد، 24 مئی (پریس نوٹ) یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی راج بھاشا ٹیم نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے یہاں ہندی کے استعمال کا جائزہ لیا۔ یو جی سی کے ڈاکٹر راجیش کمار ورما، جوائنٹ سکریٹری اور ڈاکٹر گوپی چند میروگو، ڈپٹی سکریٹری پر مشتمل ٹیم نے یونیورسٹی کے دفاتر اور لائبریری کا کل معائنہ کیااور یونیورسٹی میں راج بھاشا کے نفاذ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، ضروری مشورے بھی دیئے۔ ابتداءمیں اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر؛ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار ، سینئر عہدیداران کے علاوہ یونیورسٹی کی راج بھاشا عمل درآمد کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ وائس چانسلر اور رجسٹرار نے یو جی سی کے اراکین کا خیر مقدم کیا۔ کمیٹی کے صدر نشین پروفیسر سید نجم الحسن نے کمیٹی کے اراکین کا تعارف کروایا۔ ڈاکٹر شگفتہ پروین، ہندی آفیسر نے مہمانان کو یونیورسٹی میں دفتری امور کی انجام دہی میں ہندی پر عمل درآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اُردو یونیورسٹی میں ”ثقافتوں کا ترجمہ“ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس
حیدرآباد، 24 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ انگریزی کی جانب سے نیشنل ٹرانسلیشن مشن،سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف انڈین لینگویجز ،ڈپارٹمنٹ آف ہائر ایجوکیشن، وزارت تعلیم، میسورو کے اشتراک سے ایک دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بہ عنوان ”ثقافتوں کا ترجمہ: زبان اور ادب کے مشترکہ زاویوں کی تلاش “ کا 25 اور 26 مئی، 2023 کو اہتمام کیا جا رہا ہے۔افتتاحی اجلاس سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں 11 بجے دن منعقد ہوگا۔
پروفیسر شگفتہ شاہین، صدر شعبۂ انگریزی کے بموجب اس کانفرنس کا مقصد کلیدی خطبات، مقالوں اور پینل مباحث کے ذریعے مختلف تہذیبوں و ثقافتوں کے درمیان فاصلوں کو پاٹنے اور بین ثقافتی تفہیم کے فروغ میں ترجمے کے رول پر نئے نقاطِ نظر اور زاویے تلاش کرنا ہے۔ اس کانفرنس میں شرکا کومختلف علمی مباحثوں میں شریک ہونے کے ساتھ ساتھ اس موضوع پر کام کرنے والے دنیا بھر کے محققین کے ساتھ اپنے تحقیقی نتائج اور تجربات کے اشتراک اور ان کے ساتھ رابطہ استوار کرنے کا بھی موقع ملے گا۔
 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
”ماحولیاتی آلودگی اور اسلام“ کے موضوع پر محمد عامر کو پی ایچ ڈی

 
حیدرآباد، 24 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبۂ اسلامک اسٹڈیز کے اسکالر محمد عامر ولد جناب سید عبدالعالم مجیبی کو پی ایچ ڈی کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنا مقالہ ”ماحولیاتی آلودگی اور اسلام“ پروفیسر محمد فہیم اختر ندوی، صدر شعبہ کی نگرانی میں مکمل کیا۔ ان کا وائیوا 10 مئی کو منعقد ہوا تھا۔
MANUU Pr 24-05-2023.pdf