
اُردو یونیورسٹی میں داخلوں کی تاریخ میں توسیع
حیدرآباد، 4 جون(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2025-26 کے لیے پوسٹ گریجویشن، ڈپلوما و سرٹیفکیٹ کورسز میں فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 19 جون 2025 تک توسیع کی گئی ہے۔
پروفیسر ایم ونجا، ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے بموجب ملک بھر سے ملنے والی مختلف نمائندگیوں کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے داخلوں کی آخری تاریخ میں15 دنوں کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ خواہشمند طلبہ اب داخلے کے لیے 19 جون تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔یونیورسٹی میں میرٹ کی اساس پر دستیاب کورسز میںپوسٹ گریجویشن کے 24 پروگرام ، ایک فل ٹائم پی جی ڈپلوما ان ٹیچنگ انگلش، پارٹ ٹائم پی جی ڈپلوما کے 4 پروگرام، ڈپلوما کے 10 کورسز، 7 سرٹیفکیٹ پروگرام کے علاوہ فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائن میں بی ایس سی، ڈپلوما اور سرٹیفکیٹ کورسز دستیاب ہیں۔
کورسز کے متعلق مزید معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود پراسپکٹس میں ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ ان تمام کورسز میں داخلوں کے لیے اہل امیدوار اپنی درخواستیں یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.edu پر آن لائن داخل کریں۔ مزید تفصیلات کے لیے ہیلپ ڈیسک کے اس فون نمبر040-23006612، ایکسٹنشن 1801 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے یا نظامت داخلہ کو admissionsregular@manuu.edu.in پر ای میل بھی کیا جاسکتا ہے۔