Submitted by MSQURESHI on Wed, 09/28/2022 - 11:32
پروفیسر عین الحسن کی صدارت میں اُردو یونیورسٹی میں تعزیتی نشست PressRelease

ڈاکٹر جنید ذاکر انتہائی مخلص اور بے لوث استاد

پروفیسر عین الحسن کی صدارت میں اُردو یونیورسٹی میں تعزیتی نشست

حیدرآباد ،27ستمبر (پریس نوٹ) ڈاکٹر محمد جنید ذاکر مخلص اور بے لوث استاد اور ایک دیانتدار محقق تھے۔ دوسروں کو ان کا حق دلانے کے لیے ہمیشہ مستعد، اساتذہ اور ساتھیوں کا ہر مسئلہ اپنی پوری کوششوں سے حل کرنے والے انتہائی اعلیٰ درجے کے قائد تھے۔ انہوں نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ٹیچرس اسوسئیشن (مانوٹا) میں صدر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان خیالات کا اظہار اردو یونیورسٹی میں کل شام منعقدہ ڈاکٹر محمد جنید ذاکر، اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبۂ ترجمہ کے تعزیتی اجلاس میں اساتذہ نے کیا۔ اجلاس کا انعقاد یونیورسٹی انتظامیہ اور مانوٹا نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ ڈاکٹر محمد جنید ذاکر کا 23 ستمبر کو 61 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ ان کے لواحقین میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان عمید عاصر اور کونین باصر (حال مقیم امریکہ) شامل ہیں۔

ڈاکٹر جنید ذاکر 13اپریل 2007 کو اردو یونیورسٹی سے منسلک ہوئے۔ مانوٹا کے 4 مرتبہ صدر کے عہدہ پر فائز رہے۔ انہیں دسمبر 2016 میں جوائنٹ سکریٹری، فیڈریشن آف سنٹرل یونیورسٹیز ٹیچرس اسوسئیشن بھی منتخب کیا گیا۔ ان کی کتاب ”اصطلاحی مطالعہ“ کو فروری 2017 میں تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی جانب سے تعزیتی قرارداد پڑھ کر سنائی۔ انہوں نے کہا کہ مانو کے اس ہر دلعزیز شخص سے انہیں استفادہ کا زیادہ موقع نہیں ملا۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ڈاکٹر ذاکر کے نوکری سے حاصل ہونے والے تمام تر فوائد کو جلد سے جلد ان کے ورثاءکے حوالے کردیا جائے گا۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے تعزیتی قرارداد، ڈاکٹر جنید ذاکر کے بڑے بھائی جناب معید اطہر کے حوالے کی۔

ڈاکٹر بونتھو کوٹھیا، صدر مانوٹا نے ڈاکٹر جنید ذاکر کی تعلیم اور ابتدائی زندگی کی تفصیلات پیش کیں۔ جناب معید اطہرنے نشست کے انعقاد کے لیے یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ یونیورسٹی ڈاکٹر ذاکر کے فرزند کے لیے ہمدردانہ غور کرے جس سے ان کے لواحقین کو کچھ راحت حاصل ہو۔

پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، سابق کارگزار شیخ الجامعہ نے آن لائن اظہار خیال کرتے ہوئے جنید ذاکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ پروفیسر پی فضل الرحمن، وائس چانسلر، ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی، کرنول نے اپنے تعزیتی پیام میں جنید ذاکر کے ارکان خاندان اور مانو برادری سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر پروفیسر خالد مبشر الظفر، پروفیسر صدیقی محمد محمود، ڈاکٹر محمود کاظمی، ڈاکٹر فہیم الدین احمد، پروفیسر علیم اشرف جائسی، جناب محمد مصطفی علی سروری، ڈاکٹر کہکشاں لطیف نے بھی اپنے مرحوم ساتھی کی محنت، ایمانداری، خلوص اور بے لوث خدمات کے علاوہ اردو سے بے انتہاءمحبت کو بھرپور خراج پیش کیا۔

پروفیسر علیم اشرف جائسی نے دعائے مغفرت کی۔ ڈاکٹر عبدالعلیم، گیسٹ فیکلٹی فاصلاتی تعلیم کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر اساتذہ، غیر تدریسی عملہ، طلبہ کے علاوہ ڈاکٹر جنید ذاکر کے فرزند عمید عاصر اور برادر نسبتی جناب افسر احمد سلطان بھی موجود تھے۔

  عابد عبدالواسع     

پبلک ریلیشنز آفیسر

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

27ستمبر 2022

مانو آئی ٹی آئی حیدرآبادمیں داخلوںکے لیے تیسری کونسلنگ

حیدرآباد، 27ستمبر (پریس نوٹ) انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی)، مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی، حیدرآباد میں داخلوں کے لیے تیسرے مرحلے کی کونسلنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 28 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ کونسلنگ 30ستمبر کو صبح 9.30 بجے سے آئی ٹی آئی، مانوکیمپس، گچی باؤلی میں ہوگی۔ ڈاکٹر عرشیہ اعظم، پرنسپل کے بموجب مختلف آئی ٹی آئی ٹریڈز کی دستیاب مخلوعہ نشستوں کے لیے درخواست فارم دفتر آئی ٹی آئی، یونیورسٹی کیمپس یا ویب سائٹ manuu.edu.inسے حاصل کیے جاسکتے ہےں۔ مزید تفصیلات کے لیے شخصی طور پر دفتر آئی ٹی آئی سے یا فون نمبر 040-23008413 یا 7032623941پر ربط کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اردو یونیورسٹی میں فاصلاتی طلبہ کو دوبارہ داخلے کا موقع

حیدرآباد، 27 ستمبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، نظامت فاصلاتی تعلیم کے زیر اہتمام چلائے جارہے مختلف یو جی، پی جی، ڈپلوما و سرٹیفکیٹ کورسز کے 2005-06 بیچ سے بیک لاگ پرچوں کے لیے دوبارہ داخلہ (جسے پہلے دوبارہ رجسٹریشن کہا جاتا تھا) کا موقع دیا جارہا ہے۔ ایسے طلبہ کے لیے رجسٹریشن پورٹل 28 ستمبر تا 31 اکتوبر کھولا جارہا ہے۔

پروفیسر رضاءاللہ خان، ڈائرکٹر فاصلاتی تعلیم کے بموجب طلبہ کو اطلاع دی گئی ہے کہ وہ فیس، پورٹل پر ادا کریں اور فارم پُر کرنے کے بعد اسے متعلقہ طلبہ معاون مرکز (ایل ایس سی) پر داخل کریں۔ مزید تفصیلات کے لیے یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in پر لاگ ان کریں یا متعلقہ ریجنل، سب ریجنل و طلبہ معاون مراکز سے ربط پیدا کریں۔